چھکوں، چوکوں کی برسات، ’’کرکٹ میں ایک اور پاک بھارت ٹاکرا‘‘ مقام اور تاریخ جانیے!

دنیا بھر کے شائقینِ کرکٹ کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک بار پھر کرکٹ کے میدان میں آمنے سامنے ہوں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیریز نہ ہونے کے باعث اب شائقین کو کثیرالملکی اور خصوصی ٹورنامنٹس میں ہی پاک بھارت مقابلوں کا انتظار رہتا ہے۔

ایک اور سنسنی خیز پاک بھارت مقابلہ اگلے ماہ 10 اکتوبر کو دبئی میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز سیزن تھری کے دوران کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی نمائندگی بوم بوم آفریدی، کامران اکمل، سہیل تنویر، شرجیل خان اور آصف علی سمیت سابق کرکٹ اسٹارز کریں گے۔ ٹورنامنٹ 3 سے 18 اکتوبر تک دبئی اور شارجہ میں جاری رہے گا، جس کا افتتاحی میچ پاکستان چیمپئنز اور بنگلہ دیش کے درمیان ہوگا۔

پاکستان چیمپئنز کے اونر کامل خان کے مطابق ایونٹ کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں اور شائقین کو ایک مرتبہ پھر روایتی حریفوں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔