ویمنز ایشیا کپ: بھارتی ٹیم کو محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے کس نے منع کیا؟ کوچ کا انکشاف

دبئی میں ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے والی بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی۔ بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ امول مزومدار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر کیا گیا، جبکہ کھلاڑیوں نے بورڈ کے فیصلے پر عمل کیا۔

امول مزومدار سے جب پوچھا گیا کہ بھارتی ٹیم کو ٹرافی کب ملے گی تو انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انہیں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ معمول کے مطابق اے سی سی کا صدر چیمپئن ٹیم کو ٹرافی پیش کرتا ہے، تاہم اس مرتبہ بھارتی ٹیم نے تقریبِ تقسیمِ انعامات میں شرکت نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے کھلاڑیوں کو ٹرافی وصول کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، تاہم ٹیم کو بورڈ کی جانب سے واضح ہدایات دی گئی تھیں۔ یہ واقعہ 2025 کے ایشیا کپ فائنل کے بعد بھارتی مردوں کی جانب سے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کے واقعے کے بعد سامنے آیا ہے، جبکہ دسمبر 2025 میں بھارتی انڈر 19 ٹیم نے بھی محسن نقوی سے رنر اپ میڈلز وصول کرنے سے گریز کیا تھا۔