ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، تاہم میچ کے بعد تقریب تقسیم انعامات میں ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی فائنل کے مہمانِ خصوصی تھے، لیکن بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے ان سے فاتح ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا۔
محسن نقوی اور ایونٹ کے دیگر عہدیداران فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے کے لیے اسٹیج پر موجود رہے، تاہم بھارتی کھلاڑی ٹرافی لینے کے لیے اسٹیج پر نہ آئیں۔ بعد ازاں رنر اپ سری لنکن ٹیم کو میڈلز اور دیگر اعزازات دیے گئے، جبکہ بھارتی کھلاڑی میدان میں واپس آنے کے بجائے ڈریسنگ روم کے باہر موجود رہیں۔ یہ ایک سال کے دوران دوسرا موقع ہے جب بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے، اس سے قبل بھارتی مردوں کی قومی ٹیم نے بھی ایشیا کپ کے بعد ان سے ٹرافی لینے سے انکار کیا تھا۔






