اسلام آباد: آئل انڈسٹری نے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے شدید بحران کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین متاثر ہونے اور ملک بھر میں پیٹرول و ڈیزل کے شدید بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
آئل انڈسٹری نے جغرافیائی حالات اور سپلائی روٹس کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔
آئل ایڈوائزری کونسل اور آئل انڈسٹری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جغرافیائی حالات کے باعث ایسٹ ویسٹ پائپ لائن سمیت علاقائی سپلائی روٹس متاثر ہوسکتے ہیں۔
انڈسٹری کا کہنا ہے کہ حکام سے بارہا رابطوں کے باوجود مسائل کے حل کے لیے کوئی خاطر خواہ پیشرفت نہیں ہوسکی، جس سے صنعت کی مالی استعداد مسلسل کم ہورہی ہے۔
او سی اے سی نے واضح کیا ہے کہ اگر حکام کی جانب سے تعاون نہ ملا اور سپلائی میں خلل آیا تو آئل انڈسٹری کو اس کا ذمہ دار قرار نہ دیا جائے۔
آئل انڈسٹری نے ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ حکام کو کراچی میں ایک ہنگامی اجلاس کی باضابطہ دعوت دی ہے تاکہ مسائل پر فوری پیشرفت کی جاسکے۔






