//

آزاد کشمیر انتخابات: سرکاری ملازمین کی پولنگ پرامن انداز میں جاری، 27 جولائی کے عام انتخابات کی تیاریاں مکمل

 

 

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے سلسلے میں سرکاری ملازمین کی پولنگ پرامن ماحول میں جاری رہی، جبکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نڑول اور سہیلی سرکار سکول میں قائم پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے پولنگ کے عمل، سیکیورٹی انتظامات اور انتخابی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ممبر الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، پریزائیڈنگ افسران، پولنگ عملے اور پولنگ ایجنٹس سے ملاقات کی اور انتخابی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سید نظیر الحسن گیلانی نے کہا کہ الیکشن ڈیوٹی انجام دینے والے سرکاری ملازمین کی پولنگ کے لیے مؤثر اور تسلی بخش انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ عملہ جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے، جبکہ پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز سے گفتگو کے دوران بھی انتخابی عمل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر بھر کے تمام ریٹرننگ افسران سے رابطہ کیا گیا ہے اور ہر جگہ پولنگ پرامن انداز میں جاری ہے۔ سرکاری ملازمین کی پولنگ کے بعد بیلٹ باکس سیل کر کے متعلقہ ریٹرننگ افسران کی تحویل میں دے دیے جائیں گے، جبکہ ان ووٹوں کی گنتی اور نتائج 27 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے ساتھ ہی جاری کیے جائیں گے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ 27 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے تمام ریٹرننگ افسران کو بیلٹ پیپرز فراہم کر دیے گئے ہیں اور الیکشن کمیشن ووٹرز کو مکمل تحفظ فراہم کرے گا تاکہ وہ بلاخوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک پولنگ کے حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، تاہم راولاکوٹ اور سدھنوتی میں بعض سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر آج کی پولنگ مؤخر کر دی گئی ہے۔ ان علاقوں میں پولنگ کے نئے شیڈول کا اعلان ایک یا دو روز میں کر دیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close