کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے لیے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کے عمل کو حتمی شکل دینے کے لیے 17 رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔
چیئرمین سیکریٹریٹ سے چیئرمین کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل سومرو کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس 27 جون 2026 بروز ہفتہ دوپہر 2 بجے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
پارلیمانی بورڈ میں محترمہ فریال تالپور، سید نیر حسین بخاری، محمد ہمایوں خان، چوہدری محمد یسین، فیصل ممتاز راٹھور، چوہدری لطیف اکبر، سردار محمد یعقوب خان، میاں عبدالوحید، سردار قمر الزمان، سردار تنویر الیاس، راجہ پرویز اشرف، مخدوم سید احمد محمود، نثار احمد کھوڑو، سردار محمد عمر گورجانی، سید محمد علی شاہ بچہ اور چوہدری ریاض شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ان تمام امیدواروں کو طلب کیا گیا ہے جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں۔ امیدواروں کو مقررہ وقت کی پابندی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پارلیمانی بورڈ اجلاس کے دوران امیدواروں کے انٹرویوز، مشاورت اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے لیے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






