مظفرآباد بھر میں 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ

مظفرآباد: ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مظفرآباد منیر احمد قریشی نے ضلع بھر میں 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کے دفتر سے 20 جون 2026 کو جاری کردہ حکم نامے کے مطابق مختلف ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے تحت خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ 9 جون 2026 سے جاری سیاسی اور سماجی سرگرمیوں کی آڑ میں بعض شرپسند عناصر ایسی صورتحال پیدا کر سکتے ہیں جس سے امن عامہ اور ملکی سلامتی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ ناخوشگوار صورتحال کے تدارک کے لیے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کے تحت 20 جون 2026 سے ضلع مظفرآباد کی حدود میں ہر قسم کے احتجاج، دھرنوں، جلوسوں اور اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے۔

اس کے علاوہ پانچ یا اس سے زائد افراد کے ایک ساتھ چلنے یا کسی مقام پر جمع ہونے پر بھی پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ APC-188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close