مظفرآباد میں راجہ ممتاز راٹھور مرحوم کی 27ویں برسی کا مہیب اور یادگار اجتماع!

 

مظفرآباد : سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ ممتاز حسین راٹھور کی 27ویں برسی کے موقع پر وزیراعظم سیکریٹریٹ مظفرآباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی اور سرکاری شخصیات سمیت پارٹی کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں ترجمان وزیراعظم شوکت جاوید میر، پریس سیکرٹری آصف علی راٹھور، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل راجہ اقبال خان، پبلک ریلیشن آفیسران شوکت راٹھور، طارق حمید قریشی، زمرد بخاری، عامر کھوکھر اور دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔

مقررین نے سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور کی قومی، سیاسی اور عوامی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے سیاست میں عوامی شمولیت کو فروغ دیا اور عام آدمی کو ایوانِ اقتدار تک رسائی فراہم کرکے جمہوری عمل پر عوام کے اعتماد کو مضبوط بنایا۔

شرکاء نے کہا کہ راجہ ممتاز حسین راٹھور کے وژن کو ان کے فرزند اور موجودہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور آگے بڑھا رہے ہیں، جنہوں نے مختصر عرصے میں تعلیمی پیکج، ہزاروں ایڈہاک ملازمین کی مستقلی، تعمیر و ترقی کے متعدد منصوبوں اور استحکام کے نظریے کو فروغ دینے جیسے اہم اقدامات کیے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں، امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکراتی پیش رفت اور معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی پر افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پر سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی قومی و عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close