پیٹرول مہنگا ہوتے ہی اشیائے ضروریہ بھی مہنگی!

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سامنے آنے لگے، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیئے، جس کے مطابق 51 اشیائے ضروریہ میں سے 19 کی قیمتوں میں اضافہ، 9 میں کمی جبکہ 23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ڈیزل کی قیمت 7.29 فیصد، پیٹرول 6.40 فیصد اور ایل پی جی 3.26 فیصد مہنگی ہوئی۔ لہسن کی قیمت میں 1.94 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 1.72 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ چنے کی دال، مسور، مونگ کی دال، ڈبل روٹی، سرسوں کا تیل اور مٹن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایک ہفتے میں کیلے 6.17 فیصد، ٹماٹر 5.66 فیصد، پیاز 4.57 فیصد اور مرغی 2.33 فیصد سستی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کے دوران ایل پی جی 60.42 فیصد، ڈیزل 54.21 فیصد اور پیٹرول 48 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے بجلی کے نرخ 33.54 فیصد بڑھے۔

رپورٹ کے مطابق مرچ پاؤڈر 16.37 فیصد، مٹن 15.86 فیصد اور گائے کا گوشت 12.88 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ آٹا 33.27 فیصد مہنگا ہوا۔ کیلے، ڈبل روٹی اور تازہ دودھ کی قیمتیں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں بڑھ گئیں۔

دوسری جانب آلو کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر 35.31 فیصد، چینی 20.95 فیصد، انڈے 19.31 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 15.26 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ نمک، چنے کی دال، مسور اور مونگ کی دال بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں سستی ہوئیں۔