طیارہ گر کر تباہ

امریکی ریاست مشی گن میں تربیتی مشقوں کے دوران ایف 16 جنگی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، تاہم پائلٹ محفوظ طریقے سے طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر دھویں کے بادل چھا گئے، جبکہ ملبے سے خطرناک کیمیکلز کے اخراج کے خدشے کے پیش نظر قریبی آبادی کو عارضی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔

حکام کے مطابق پائلٹ کو طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اس کی شناخت اور زخمی ہونے سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

گرینڈ ٹریورس کاؤنٹی کے شیرف کے مطابق پائلٹ ہوش میں تھا اور اسپتال میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سے بات چیت کر رہا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ایف 16 طیارہ الپینا میں واقع نیشنل گارڈ کے ایک اڈے پر تربیتی مشقوں میں شریک تھا، جو ڈیٹرائٹ سے تقریباً 305 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔