واٹس ایپ میں سکیورٹی اور پرائیویسی پر کافی زور دیا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کمپنی نے ایک نیا سکیورٹی فیچر متعارف کرایا ہے۔
میٹا کی جانب سے ’ریسٹریکٹڈ چیٹ‘ نامی فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر کو واٹس ایپ کے ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی کنٹرولز کا حصہ بنایا جائے گا۔ ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی کنٹرولز صارفین کو کسی چیٹ میں شامل افراد پر اضافی پابندیاں عائد کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
ریسٹریکٹڈ چیٹ فیچر سے صارفین کو زیادہ سکیورٹی اور کنٹرول حاصل ہوسکے گا۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین کسی چیٹ کی حساس گفتگو کو مرکزی فون تک محدود رکھ سکیں گے اور واٹس ایپ ویب یا کنیکٹڈ فون میں وہ گفتگو نظر نہیں آئے گی۔
WABetaInfo کے مطابق ابھی اس فیچر پر کام جاری ہے اور یہ تمام بیٹا صارفین کو بھی دستیاب نہیں ہے۔
یہ فیچر اختیاری ہوگا، یعنی صارفین کو خود اسے فعال کرنا ہوگا۔
چونکہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں سامنے آیا ہے، اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔






