بولیویا کے دارالحکومت لاپاز سے تقریباً 30 کلومیٹر دور فوجی بیرکوں میں آتش بازی کا سامان ذخیرہ کرنے کے مقام پر شدید دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے فوراً بعد موقع پر موجود افراد جان بچانے کے لیے بدحواسی میں محفوظ مقامات کی جانب بھاگتے دکھائی دیے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی درجنوں گھروں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، جبکہ زخمیوں میں ایک بچی بھی شامل ہے جو شدید جھلس گئی۔ حکام کے مطابق فائر فائٹرز اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، تاہم مزید دھماکوں کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو کم از کم 150 میٹر دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔






