افسوسناک خبر ، شیخ زید اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں آگ لگ گئی

رحیم یار خان کے شیخ زید اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں آگ لگنے کے باعث اسپتال میں دھواں پھیل گیا، تاہم بروقت کارروائی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس کے بعد آپریشن تھیٹر میں موجود مریضوں کو فوری طور پر باہر نکال لیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق فائر ٹینڈر کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا اور اسے مزید پھیلنے سے روک لیا گیا۔ ترجمان ڈاکٹر الیاس نے بتایا کہ بروقت اقدامات کے باعث صورتحال قابو میں رہی۔ ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی اور اسسٹنٹ کمشنر کو موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔ انتظامیہ کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات اور اسپتال میں موجود حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب حالیہ دنوں میں لاہور جنرل اسپتال اور اسلام آباد کے پمز اسپتال میں بھی آتشزدگی کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔ لاہور جنرل اسپتال کے گائنی وارڈ میں آگ لگنے کے واقعے میں حاملہ خواتین سمیت 70 افراد کو بحفاظت باہر نکالا گیا تھا، جبکہ پمز کے نیونیٹل وارڈ میں 26 اگست کو آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود جاں بحق ہوئے تھے۔ پمز واقعے کی ابتدائی رپورٹ میں ممکنہ وجہ برقی شارٹ سرکٹ یا پلگ اوور لوڈ بتائی گئی تھی اور فائر و لائف سیفٹی انتظامات میں خامیوں کی بھی نشاندہی کی گئی تھی۔