کینیا کے صدر ولیم روٹو نے بھارتی کیمیکل کمپنی ٹاٹا کیمیکل کو ملک میں کام کرنے سے روکنے کا اعلان کیا ہے۔
ولیم روٹو کے مطابق کمپنی کئی دہائیوں سے کینیا کی جھیل ماگادی سے قدرتی وسائل حاصل کر رہی ہے، تاہم اس عرصے کے دوران مقامی صنعتوں میں خاطر خواہ سرمایہ کاری نہیں کی گئی اور نہ ہی علاقے کی مقامی آبادی کو متوقع معاشی فوائد حاصل ہوسکے۔
کینیا کے صدر کا کہنا تھا کہ بھارتی کمپنی نے مقامی معدنی وسائل سے فائدہ اٹھایا، لیکن علاقے میں کوئی نمایاں صنعتی تنصیب یا کارخانہ قائم نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی کی سرگرمیوں کے باوجود مقامی افراد کے لیے روزگار کے مناسب مواقع بھی پیدا نہیں ہوئے، جس کے باعث حکومت نے اس معاملے پر سخت فیصلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ولیم روٹو نے واضح کیا کہ ملک کے قدرتی وسائل کا استعمال مقامی آبادی اور ملکی معیشت کے مفاد میں ہونا چاہیے۔ حکومت ایسی سرمایہ کاری کو ترجیح دے گی جس سے مقامی صنعت کو فروغ ملے، روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور عوام کو براہِ راست معاشی فائدہ پہنچے۔
کینیا کے صدر نے ٹاٹا کیمیکل کی جگہ دو نئی کمپنیوں کو کام کا موقع دینے کا بھی اعلان کیا۔ ان کے مطابق نئی کمپنیوں سے توقع کی جائے گی کہ وہ ملک کے قدرتی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے مقامی سطح پر صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں۔






