وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو نے ملاقات کی۔ اس موقع پر یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی اور یوگنڈا کے سابق وزیراعظم روہاکانا روگونڈا بھی موجود تھے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ نے بھی شرکت کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد سے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کے احترام کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام اور عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مؤثر کردار کی بھرپور اور مستقل حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل تنظیم کے تین بنیادی ستونوں، یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق پر باہم مربوط اور متوازن انداز میں توجہ مرکوز رکھیں گے۔
سفیر اولارا اوتونو نے کثیرالجہتی نظام کے فروغ اور اقوام متحدہ کے تینوں بنیادی ستونوں کے لیے پاکستان کی دیرینہ اور نمایاں خدمات پر گہری تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے جاری کوششوں میں پاکستان کی قیادت اور اہم کردار کو بھی سراہا۔






