اہم ملک کی عدالت نے نائب صدر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

فلپائن کی کوئزون سٹی ریجنل ٹرائل کورٹ نے نائب صدر سارا ڈوٹرٹے کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کر دیا ہے۔

عدالت نے ان کے خلاف تین الزامات میں مقدمہ چلانے کے لیے پیش کیے گئے شواہد کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے ممکنہ وجہ کی موجودگی تسلیم کی ہے۔

یہ مقدمہ سارا ڈوٹرٹے کے 2024 میں دیے گئے ان بیانات سے متعلق ہے جن میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر انہیں قتل کیا گیا تو انہوں نے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر، خاتونِ اول اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی کو قتل کرنے کے لیے ایک شخص سے رابطہ کر رکھا ہے۔

عدالت نے ہر الزام پر 120,000 فلپائن پیسو کی ضمانت مقرر کی ہے، جس کے تحت مجموعی ضمانتی رقم 360,000 پیسو بنتی ہے۔

سارا ڈوٹرٹے کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ قانون سے بچنے کی کوشش نہیں کریں گی اور دستیاب قانونی راستے اختیار کریں گی۔ ان کی قانونی ٹیم نے جلد ضمانت جمع کرانے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

یہ معاملہ اس لیے بھی اہمیت رکھتا ہے کہ سارا ڈوٹرٹے کو اس وقت سینیٹ میں مواخذے کی کارروائی کا بھی سامنا ہے۔