عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا، جس کی بڑی وجہ امریکی ڈالر اور ٹریژری بانڈز کی ییلڈز میں کمی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.1 فیصد اضافے سے 4,426.70 ڈالر فی اونس جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز 1.5 فیصد اضافے کے بعد 4,480.10 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئے۔
گزشتہ روز سونے کی قیمت تقریباً ایک ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی تھی، تاہم ڈالر کی کمزوری اور امریکی ٹریژری ییلڈز میں کمی نے سونے کی قیمت کو دوبارہ سہارا دیا۔ ماہرین کے مطابق کمزور ڈالر کے باعث دیگر کرنسیوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے سونا نسبتاً سستا ہوجاتا ہے۔
سرمایہ کاروں کی نظریں جمعے کو جاری ہونے والے امریکی نان فارم پے رولز کے اعداد و شمار پر مرکوز ہیں، جو رواں ماہ امریکی فیڈرل ریزرو کی شرح سود سے متعلق فیصلے پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکی روزگار کے اعداد و شمار توقعات سے کمزور رہے اور شرح سود میں کمی کے امکانات بڑھے تو سونے کی قیمت مزید اوپر جا سکتی ہے۔ 4,400 ڈالر فی اونس کی سطح برقرار رہنے کی صورت میں سونا 4,500 اور پھر 4,700 ڈالر فی اونس تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دیگر قیمتی دھاتیں
- اسپاٹ سلور 1.2 فیصد اضافے سے 66.08 ڈالر فی اونس ہوگیا۔
- پلاٹینم 1 فیصد بڑھ کر 1,777.79 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔
- پیلیڈیم 0.8 فیصد اضافے کے ساتھ 1,356.50 ڈالر فی اونس ہوگیا۔






