آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر حملہ؛ سعوی عرب کی ایران کو وارننگ

سعودی عرب نے آبنائے ہرمز میں اپنے آئل ٹینکر ’سدر‘ کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ حملے میں عملے کے 2 ارکان جاں بحق ہوئے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزر رہا تھا کہ اسے نشانہ بنایا گیا، جو خطے میں بڑھتی کشیدگی کا خطرناک مظہر ہے۔ سعودی عرب نے ایران کی جانب سے اردن، بحرین اور کویت کو نشانہ بنائے جانے کی بھی مذمت کرتے ہوئے ان ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب ان ممالک کی جانب سے اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔ تمام فریقین سے کشیدگی کم کرنے اور عالمی بحری راستوں کی سلامتی یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

وزارت خارجہ نے بین الاقوامی جہاز رانی، عالمی توانائی کی فراہمی، ریاستوں کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کے احترام پر زور دیتے ہوئے مذاکرات اور پرامن حل کی طرف واپسی پر بھی زور دیا۔

فلپائن کے حکام کے مطابق سعودی پرچم بردار ٹینکر ’سدر‘ پر حملے میں 2 فلپائنی ملاح ہلاک ہوئے، جبکہ جہاز کے دیگر عملے نے آگ پر قابو پالیا۔

ایک روز قبل سعودی تیل لے جانے والے دو سپر ٹینکروں کو بھی آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے نامعلوم سمت سے آنے والے پروجیکٹائل کا نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ ان میں سعودی پرچم بردار ’سدر‘ اور لائبیریا کے پرچم بردار ’سینیگال پراسپیریٹی‘ شامل تھے۔