پاکستان اور چین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
چین کے شہر گوانگ ژو میں پانچویں پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ بزنس انوائرمنٹ ایکسچینج فورم 2026 کا انعقاد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فورم کے دوران پالیسی مذاکرات، سرمایہ کاری منصوبوں کی پیشکش، صنعتی معاہدوں، بی ٹو بی ملاقاتوں اور مصنوعات کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر الیکٹرک گاڑیوں، بیٹری مینوفیکچرنگ، تعمیراتی سامان، فرنیچر، پائن نٹس اور میڈیکل و بزنس ٹورازم کے شعبوں میں 5 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
فورم میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ سی پیک کے تحت صنعتی اور انفرا اسٹرکچر تعاون کو وسعت دینے کے امکانات بھی زیرِ بحث آئے۔
اس موقع پر توانائی، ای کامرس، تعمیراتی سامان، فرنیچر اور فوڈ پروسیسنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیش کیے گئے۔






