موسلادھار بارشیں ، محکمہ موسمیات کی جانب سے اہم خبر آ گئی

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات 3 ستمبر 2026 کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی سمیت بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں 3 سے 6 ستمبر کے دوران بارش اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ 4 اور 5 ستمبر کو پوٹھوہار ریجن اور اسلام آباد میں بارش کی شدت بڑھ سکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش بھی متوقع ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، وزیرآباد اور حافظ آباد سمیت مختلف علاقوں میں 3 سے 5 ستمبر تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 3 ستمبر کی شام یا رات سے 5 ستمبر تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں شدید بارش متوقع ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں 3 سے 6 ستمبر کے دوران بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے۔

عوام، سیاحوں اور مسافروں کو موسم کی صورتحال کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔