آبنائے ہرمز کا نام ‘آبنائے ٹرمپ’ ؟؟؟ امریکی صدر نے نئی خواہش ظاہر کر د ی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر مشرقِ وسطیٰ کی اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز کا نام تبدیل کرکے ’ٹرمپ اسٹریٹ‘ رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر سوالیہ انداز میں کہا کہ اگر آبنائے ہرمز امریکا کے کنٹرول میں ہے تو کیا اس کا نام تبدیل کرکے ’ٹرمپ اسٹریٹ‘ نہیں رکھ دینا چاہیے؟

یہ پہلا موقع نہیں کہ امریکی صدر نے کسی بین الاقوامی جغرافیائی مقام کا نام تبدیل کرنے کی بات کی ہو۔ اس سے قبل وہ خلیج میکسیکو کا نام ’خلیج امریکا‘ اور لیک اونٹاریو کا نام ’لیک امریکا‘ رکھنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں، تاہم کینیڈا اور میکسیکو نے ان تبدیلیوں کو مسترد کیا ہے۔

ٹرمپ اس سے پہلے بھی آبنائے ہرمز کو ’اسٹریٹ آف ٹرمپ‘ کہہ چکے ہیں۔ مارچ 2026 میں فلوریڈا میں ایک تقریر کے دوران انہوں نے یہ نام استعمال کیا تھا، جبکہ بعد ازاں سوشل میڈیا پر ایک نقشہ بھی شیئر کیا گیا جس میں آبنائے ہرمز کی جگہ ’ٹرمپ اسٹریٹ‘ درج تھا۔

حالیہ دنوں میں آبنائے ہرمز کے حوالے سے ٹرمپ کے بیانات میں مزید شدت آئی ہے۔ انہوں نے ایک نقشے میں اس گزرگاہ کو ’امریکا کا نیا علاقہ‘ بھی قرار دیا تھا۔

آبنائے ہرمز عالمی سطح پر انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں سے دنیا کی مجموعی تیل کی ترسیل کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی اور امریکی کارروائیوں کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بھی ایک بار پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔