3 ستمبر کو تمام بڑی مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان

کراچی (آن لائن) جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف 3 ستمبر کو ملک گیر پُرامن شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کی کراچی کے تاجروں نے حمایت کردی، جس کے باعث شہر کی تمام بڑی مارکیٹیں بند رہیں گی۔

تاجر رہنما عتیق میر نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کو کراچی بھر کی مارکیٹیں بند رکھی جائیں گی، جبکہ کراچی ٹریڈرز الائنس کے جنرل سیکریٹری منہاج گل فراز کے مطابق موبائل فون اور الیکٹرانکس مارکیٹیں بھی ہڑتال میں شامل ہوں گی۔

مارکیٹوں کی بندش کا اعلان جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی جانب سے 3 ستمبر کو پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر پُرامن ہڑتال کی کال کے بعد سامنے آیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت سے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مارکیٹوں اور اہم شاہراہوں تک بڑھایا جاسکتا ہے، جبکہ مستقبل میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ بھی کیا جاسکتا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے ٹیکسز، کاروباری اخراجات اور مجموعی معاشی دباؤ کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے، اس لیے شہر بھر کی مارکیٹوں کی بندش سے 3 ستمبر کو کاروباری سرگرمیاں نمایاں طور پر متاثر ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ خریداری اور دیگر کاروباری امور کے لیے متبادل دن کا انتخاب کریں۔