کراچی (آن لائن) کراچی کے علاقے کھارادر میں کپڑے کی دکان میں ڈکیتی کے دوران نقد رقم نہ ملنے پر ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی کپڑا لوٹ کر فرار ہوگئے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
پولیس کے مطابق میمن مسجد کے قریب کپڑے کی دکان میں تین مسلح ملزمان داخل ہوئے اور وہاں موجود افراد کو ایک جانب بٹھا کر یرغمال بنا لیا۔
ملزمان نے دکان میں نقد رقم تلاش کی، تاہم رقم نہ ملنے پر دکان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی کپڑا اٹھایا اور فرار ہوگئے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واردات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ شناخت چھپانے کے لیے ایک ملزم نے ہیلمٹ جبکہ دیگر نے ماسک اور کیپ پہن رکھی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ کھارادر تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔






