ای چالانز کی بروقت ادائیگی نہ کرنے والے شہریوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ای چالانز کی ادائیگی کے بغیر گاڑی کی رجسٹریشن، ٹرانسفر اور دیگر متعلقہ ٹرانزیکشنز نہیں ہو سکیں گی۔
ٹریفک پولیس ای چالانز کے نادہندگان کی فہرستیں محکمہ ایکسائز کے ساتھ شیئر کرے گی اور تمام ڈیفالٹرز کا ریکارڈ محکمہ ایکسائز کے نظام کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق وارڈنز کی جانب سے جاری کیے جانے والے چالان موقع پر وصول کر لیے جاتے ہیں، تاہم شہری ای چالانز کی ادائیگی میں تاخیر کرتے ہیں، جس کے باعث اربوں روپے کی رقم واجب الادا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ای چالانز کی ادائیگی تک پولیس اور محکمہ ایکسائز کی بعض متعلقہ سروسز فراہم نہیں کی جائیں گی۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے محکمہ ایکسائز کے ٹوکن ٹیکس کی وصولی بھی کی جائے گی، جبکہ ون ایپ کے ذریعے وصولیوں کے لیے محکمہ ایکسائز کو جلد لاگ اِن اور پاس ورڈ جاری کیے جائیں گے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے ای چالانز کی وصولی کے حوالے سے محکمہ ایکسائز کو باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔






