کٹھمنڈو (آن لائن) نیپال میں تباہ کن سیلاب کے بعد ملبے تلے دبے بینک سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا، نقدی اور اہم دستاویزات برآمد کرلی گئیں، جنہیں پولیس نے محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک جبکہ ہزاروں تاحال لاپتہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد تریشولی کے ایک بینک کے لاکرز تلاش کیے، جن میں تقریباً 50 کروڑ نیپالی روپے مالیت کا سونا، ڈیڑھ کروڑ روپے نقد اور اہم دستاویزات موجود تھیں۔
پولیس نے لاکرز کو توڑ کر قیمتی اشیا اور دستاویزات برآمد کیں اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ نیپال پولیس کے مطابق کرشی وکاس بینک کی تریشولی ڈھونگے شاخ سے تقریباً 1.5 کروڑ نیپالی روپے نقد، 50 کروڑ روپے مالیت کا سونا اور اہم دستاویزات محفوظ مقام پر پہنچائے گئے۔
نیپال پولیس کی جانب سے جاری ویڈیو میں بینک کے بیسمنٹ میں داخل ہونے کے لیے اہلکاروں کو ملبہ ہٹاتے جبکہ برآمد کیے گئے لاکرز کو جے سی بی مشینوں کے ذریعے منتقل کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ سیلاب کے باعث عمارتیں اور گاڑیاں سمیت متعدد اشیا کئی فٹ ملبے تلے دب گئی ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں کئی بینک بھی ملبے میں دب گئے۔
گزشتہ روز ایک بینک کی تجوری بہہ کر تریشولی ندی کے راستے دھاڈنگ پہنچ گئی تھی، جہاں لوگوں نے اسے توڑ کر نقدی نکال لی تھی۔ پولیس نے ویڈیو سامنے آنے کے بعد 29 افراد کو مبینہ طور پر تجوری توڑ کر رقم نکالنے کے الزام میں گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 92 لاکھ 68 ہزار 505 نیپالی روپے نقد برآمد کیے۔






