ملک بھر میں کئی دن بارشیں ہی بارشیں ،کب ؟ تاریخیں سامنے آ گئیں ، این ڈی ایم اے کا الرٹ بھی جاری

30 اگست سے 4 ستمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اپنے الرٹ میں کہا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مری، راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، خوشاب، سرگودھا اور گجرات میں بارش کا امکان ہے۔ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ اور گردونواح میں بھی بارش متوقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور چند مقامات پر بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر اور مانسہرہ میں بارش متوقع ہے۔ ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، کرم، وزیرستان اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک، آندھی اور بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ گلگت، اسکردو، ہنزہ، غذر، دیامر، استور، مظفرآباد، نیلم ویلی، پونچھ، باغ، میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے جبکہ موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کر دیا ہے۔