بل گیٹس نے بڑے خطرے سے خبردار کر دیا

مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے باعث مستقبل میں متعدد ملازمتیں ختم ہوسکتی ہیں۔

اپنے ایک مضمون میں بل گیٹس نے تجویز دی کہ اے آئی اور روبوٹس کی ترقی کے باوجود کچھ مخصوص شعبوں میں ملازمتیں انسانوں کے لیے مختص کی جانی چاہئیں تاکہ ٹیکنالوجی مکمل طور پر انسانی کردار کی جگہ نہ لے سکے۔

انہوں نے کہا کہ اے آئی اور روبوٹس میں بہتری کے ساتھ بعض شعبوں کو انسانوں کے لیے مخصوص رکھنے پر غور کیا جاسکتا ہے، جس طرح قدرتی علاقوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مخصوص کیا جاتا ہے۔

بل گیٹس نے طبی شعبے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملات میں انسانی موجودگی ضروری ہے۔ ان کے مطابق کسی لاعلاج بیماری کی اطلاع روبوٹ کے ذریعے ملنے کا تصور ہی اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ بعض معاملات میں انسانوں کا کردار برقرار رہنا چاہیے۔

انہوں نے مزید خبردار کیا کہ دنیا بھر کی حکومتیں اے آئی کے ممکنہ اثرات اور اس کے پیمانے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار نہیں ہیں۔