اسلام آباد (آئی این پی) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی بہن نورین نیازی سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔
ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان سے نورین نیازی کی ملاقات کے بعد ان سے رابطہ ہوا۔ نورین نیازی نے واضح کیا کہ وہ ملاقات کے حوالے سے باہر آکر کوئی بات نہیں کریں گی، تاہم اتنا بتایا جاسکتا ہے کہ وہ اپنے بھائی سے ملاقات پر خوش تھیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی بہن کی ملاقات کی تفصیلات بیان نہیں کی جاسکتیں، تاہم وہ تصدیق کرتے ہیں کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے پارٹی قیادت سے ناراضی کے حوالے سے بھی کوئی گفتگو نہیں کی۔ لوگ بانی پی ٹی آئی سے منسوب کرکے من گھڑت باتیں پھیلانے سے گریز کریں۔






