12 ربیع الاول کے بعد شٹر ڈائون ،لانگ مارچ کا اعلان، جماعت اسلامی

لاہور (آئی این پی) جماعت اسلامی کا پیٹرولیم لیوی کے خلاف لاہور، کراچی اور پشاور میں دھرنا مسلسل آٹھویں روز بھی جاری رہا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم ہونے تک دھرنے جاری رہیں گے، جبکہ 12 ربیع الاول کے بعد شٹر ڈاؤن اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کیا جائے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور تحریک کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ موجودہ تینوں دھرنے جاری رہیں گے جبکہ مختلف شہروں میں احتجاجی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب دھرنوں کے مقامات پر محافل میلاد اور سیرت کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ لوکل ڈیزل کو امپورٹڈ ڈیزل کی قیمت پر فروخت کرکے ریفائنریاں منافع کما رہی ہیں، جبکہ حکومت اور بیوروکریسی کو پٹرولیم مصنوعات میں منافع خوری کا علم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا بوجھ عوام، طلبہ، نوجوانوں اور کسانوں پر پڑ رہا ہے، جبکہ ملک میں مافیاز کا راج ہے۔ انہوں نے چینی کی قیمتوں پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قلت کا جواز بنا کر 7 لاکھ 65 ہزار ٹن چینی درآمد کی گئی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن جماعت ہے اور عوام کا پرامن احتجاج ہی حکومت کے لیے دباؤ کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے حکومت کا یہ مؤقف بھی مسترد کیا کہ دھرنوں کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت سنجیدگی سے بات کرے گی تو جماعت اسلامی بھی مذاکرات کرے گی، تاہم پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک دھرنا ختم نہیں ہوگا۔

عمران خان کے میڈیکل چیک اپ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت کو عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد کرنا چاہیے تھا۔