تہران(آئی این پی) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف اعلان کیے گئے نام نہاد اقتصادی ڈی ڈے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کا یہ اقدام دراصل اپنی ہی معاشی مشکلات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
عباس عراقچی نے ایکس پر اپنے بیان میں لکھا کہ امریکہ کا اقتصادی ڈی ڈے اس کی اپنی معاشی مشکلات سے توجہ ہٹانے کا ایک طریقہ ہے۔ قبل ازیں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایران کے خلاف اقتصادی ڈی ڈے (معاشی محاذ پر فیصلہ کن کارروائی) شروع کر رہے ہیں، کیونکہ ایران امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنے میں ناکام رہا تھا۔
اس کے بعد عباس عراقچی نے امریکہ کے بڑھتے ہوئے سرکاری قرضے اور سود کی ادائیگیوں پر بڑھتے اخراجات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پرانی اور ناکام پالیسیوں کو دہرانے سے امریکہ کو آئندہ بھی شکست اور ایرانی عوام کی ناراضی ہی حاصل ہوگی۔
انھوں نے الزام لگایا کہ امریکی معاشی دہشت گردی پوری دنیا کی معیشت اور ممالک کی خودمختاری کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے۔
عراقچی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رپورٹس کے مطابق امریکہ کا قومی قرض 40 ٹریلین ڈالر کی حد سے تجاوز کر چکا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق 18 اگست تک مجموعی قومی قرض تقریباً 40.05 ٹریلین ڈالر تھا۔ یعنی گزشتہ تقریباً ایک دہائی کے دوران امریکہ کا قرض دوگنا سے بھی زیادہ ہو چکا ہے۔






