اقوام متحدہ کے سربراہ کا اسرائیلی وزیرکےفلسطینیوں سے متعلق ’انتہائی ہولناک‘ بیان پر شدید ردعمل

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیلی وزیر قومی سلامتی ایتمار بن گویر کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے غزہ میں ہر رات 30 سے 40 فلسطینیوں کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے قتل کرنے کی تجویز دی تھی۔ ترجمان اسٹیفان دوجارک نے کہا کہ یہ بیانات انتہائی ہولناک، اشتعال انگیز، انسانیت سے عاری اور خطرناک ہیں اور ان کی غیر مبہم الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ بن گویر نے یہ بات ہفتے کے آخر میں جاری ہونے والے ایک پوڈکاسٹ میں سابق اسرائیلی یرغمالی روم براسلافسکی سے گفتگو کے دوران کہی اور کہا کہ غزہ میں صرف فوری خطرہ والے لوگ ہی نہیں بلکہ ایسے لوگ بھی ہیں جو زندگی کے مستحق نہیں۔ ادھر طبی ذرائع کے مطابق بدھ کو اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ کے ایک پولیس اسٹیشن میں 9 فلسطینی شہید ہو گئے، یہ حملہ امریکی ایلچی جیرڈ کشنر کے خطے کے دورے کے دو روز بعد ہوا جو غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کو آگے بڑھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔