یوکرین کے دارالحکومت کیف اور گرد و نواح میں روسی میزائل حملوں کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہوگئے۔
یوکرینی حکام کے مطابق روسی میزائل حملوں کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا، جس کے دوران رہائشی عمارتوں اور گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔ حملوں کے بعد متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی جبکہ کئی گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔
یوکرین کی اسٹیٹ ایمرجنسی سروس کے مطابق ایک طبی مرکز کی عمارت میں بھی آگ لگ گئی۔ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے کم از کم ایک شخص کو زندہ نکال لیا، جبکہ دیگر افراد کی تلاش کا عمل بھی جاری ہے۔
دوسری جانب پولینڈ کی فوج نے روسی حملوں کے پیش نظر احتیاطی فضائی کارروائیاں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق حملوں سے ہونے والے نقصانات کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔






