حکومت اور پیپلز پارٹی نے اپوزیشن اتحاد سے الگ الگ رابطے شروع کردیے

حکومت اور پیپلز پارٹی نے اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں سے رابطے تیز کردیے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو اپنے چیمبر میں ملاقات کے لیے مدعو کیا ہے۔

 

ملاقات سے قبل پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ اجلاس میں عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا جائے گا۔ سابق سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے امید ظاہر کی کہ یہ سیاسی عمل کسی مثبت پیش رفت کا آغاز ثابت ہو، تاہم ان کے مطابق اس وقت بنیادی توجہ عمران خان کی صحت پر ہے۔

 

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔

 

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا کے مطابق پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپوزیشن سے دوبارہ رابطے بحال کرنے کی درخواست کی ہے۔

 

اپوزیشن اتحاد کے اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو نے پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی درخواست کی، جس پر انہیں بتایا گیا کہ اس معاملے پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

 

پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پارلیمانی جماعتوں کے درمیان رابطے سیاسی عمل کا معمول کا حصہ ہیں۔