افسوسناک خبر ، کان بیٹھ گئی ، 100 سے زائد افراد مارے گئے

وسطی افریقی جمہوریہ میں سونے کی کان بیٹھ جانے کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

 

مقامی حکام کے مطابق حادثہ کیمرون کی سرحد کے قریب واقع زیمبوئے گاؤں میں پیش آیا۔ کان بیٹھنے کے بعد ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات اور کان چلانے والے افراد کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

 

کیمرون کی جانب سے بھی زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

 

مقامی کان کنی ایسوسی ایشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق حادثے کے وقت درجنوں کان کن اور مزدور کان میں موجود تھے، جن میں سے بعض مدد کے لیے پکار رہے تھے۔

 

زیمبوئے یوتھ کونسل کے رکن برٹرینڈ بے یانگے نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کئی افراد تاحال لاپتا ہیں۔

 

افریقا میں چھوٹے پیمانے پر کان کنی لاکھوں افراد کے روزگار کا ذریعہ ہے، تاہم کمزور قوانین اور ناقص حفاظتی انتظامات کے باعث کان کنی کے دوران اکثر جان لیوا حادثات پیش آتے ہیں۔