اسلام آباد: قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے درمیان ایوان صدر، کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات ہوئی، جس میں آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، حالیہ انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، مسئلہ کشمیر اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے حالیہ انتخابات کے بعد آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں سیاسی استحکام، جمہوری روایات کے فروغ اور عوامی مسائل کے مؤثر حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر اور وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کی جدوجہد آزادی کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جاتا رہے گا۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور ریاستی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو مزید بہتر بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔






