مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے جنرل الیکشن 2026 کے دوران پارٹی نظم و ضبط اور فیصلوں کی خلاف ورزی پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 10 پارٹی رہنماؤں کی بنیادی رکنیت ختم کردی۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے پارٹی فیصلوں سے انحراف اور ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے رہنماؤں کو پارٹی سے خارج کرنے کے احکامات جاری کیے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پارٹی کے مرکزی نائب صدور خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ اور سردار عنایت اللہ عارف کو پیپلز پارٹی سے خارج کردیا گیا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی ضلع حویلی کے صدر شیخ خورشید کی پارٹی رکنیت بھی ختم کردی گئی۔
اسی طرح ایل اے 44 ویلی راولپنڈی کے سابق ٹکٹ ہولڈر حمزہ مجید بازمی، کوٹلی سے ملک یوسف اور رشید بانینان کو بھی پارٹی کی رکنیت سے فارغ کردیا گیا۔
سدھنوتی کے سابق ٹکٹ ہولڈر سردار رئیس انقلابی اور سابق جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی سٹی میرپور راجہ ذوالفقار ذلفی کی پارٹی رکنیت بھی ختم کردی گئی ہے۔
پیپلز پارٹی میرپور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری چوہدری عبدالرحمان ایڈووکیٹ اور جموں کے نائب صدر شوکت وزیر علی کو بھی پارٹی سے خارج کردیا گیا۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مطابق یہ کارروائی جنرل الیکشن 2026 کے دوران پارٹی نظم و ضبط، پالیسی اور قیادت کے فیصلوں کی خلاف ورزی پر کی گئی ہے۔ پارٹی قیادت نے واضح کیا ہے کہ پارٹی فیصلوں سے انحراف اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کی جانے والی کارروائی کا باضابطہ نوٹیفکیشن پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت متعلقہ پارٹی قیادت کو بھی ارسال کردیا گیا ہے۔






