یومِ آزادی پر مریم نواز کا قوم کو مبارکباد

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی سالگرہ پر اظہار تشکر کیا اور قیام، تعمیر اور تحفظ پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، محترمہ فاطمہ جناح اور تحریک پاکستان کے دیگر زعما و اکابرین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے قیام پاکستان سے لے کر دفاع وطن تک جدوجہد کرنے والے تمام شہدا اور غازیوں کو بھی سلام پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم کے ہر فرد نے حصول آزادی سے تحفظ آزادی تک اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے معرکہ حق میں دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے والی پاک افواج اور سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہر جانباز سپاہی کو سلام پیش کیا۔

مریم نواز نے اساتذہ، طلبہ و طالبات، مزدوروں، کارکنوں، محنت کشوں اور ورکرز کو بھی یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر ہم سب کو تعمیر وطن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا وعدہ نبھانا ہوگا تاکہ آنے والی نسلوں کو بہتر اور محفوظ پاکستان دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہر فرد اپنے حصے کا چراغ روشن کرے تو پورے وطن میں اجالا پھیل سکتا ہے۔ سوہنی دھرتی کو چار چاند لگانے کے لیے اخلاص اور احساس ذمہ داری ہی حقیقی حب الوطنی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نوجوان نسل کے لیے یوم آزادی مستقبل سے عہد وفا نبھانے کا دن ہے۔ وہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتی ہیں۔ طلبہ کا دل لگا کر پڑھنا، اساتذہ کا دلجمعی سے پڑھانا، معالج کا احساس ذمہ داری اور تاجر کی دیانتداری بھی حقیقی حب الوطنی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا کی بہترین قوم اور پاکستان دنیا کا بہترین ملک ہے۔ ان کے مطابق حقیقی ترقی وہی ہے جس میں کوئی فرد پیچھے نہ رہ جائے۔ قوم دن رات محنت کرکے امید کے دیے روشن اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل رہی ہے۔