وزیراعلیٰ مریم نواز کا یومِ آزادی پر بڑا تحفہ! سیف سٹی نیٹ ورک کا ڈیجیٹل افتتاح

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر پنجاب کے تمام 41 اضلاع اور 2 تحصیلوں میں قائم پنجاب انٹیگریٹڈ سیف سٹی نیٹ ورک کا ڈیجیٹل افتتاح کردیا۔ پنجاب ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جہاں تمام اضلاع اور منتخب تحصیلوں کو مربوط سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کیا گیا ہے۔

سیف سٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب اور منصوبے کے افتتاح کے موقع پر بتایا گیا کہ پولیس، سی سی ڈی اور سیف سٹیز اتھارٹی کی مشترکہ کوششوں سے جرائم میں تقریباً 80 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تقریب کے دوران تمام اضلاع کی سیف سٹی اسکرینوں کا مشاہدہ بھی کیا۔

آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے پنجاب پولیس کی معاونت پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا، جبکہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پولیس کمیونیکیشن افسران نے بھی اپنے تجربات اور تاثرات بیان کیے۔

ایم ڈی سیف سٹی احسن یونس نے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انٹیگریٹڈ اسمارٹ سیف سٹیز نیٹ ورک کے ذریعے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے صوبہ بھر میں نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا گیا ہے۔ منصوبے میں انٹیلی جنس سرویلنس، ایمرجنسی 15، انٹیلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ، ریئل ٹائم کمانڈ اینڈ کنٹرول اور پیش گوئی پر مبنی پولیسنگ سسٹم شامل ہیں۔

سیف سٹی منصوبے کے تحت ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، چائلڈ سیفٹی، ورچوئل سینٹر، ورچوئل بلڈ بینک، میثاق، ٹریفک اور انوائرمنٹ سمیت مختلف سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

احسن یونس کے مطابق صوبہ بھر میں مزید 1500 پینک بٹن نصب کیے جائیں گے اور ہر تھانے میں بھی پینک بٹن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ پولیس خدمت مراکز کی اسمارٹ اسکرینیں شاپنگ سینٹرز اور دیگر عوامی مقامات پر بھی نصب کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی 15، ڈیجیٹل شواہد اور ریئل ٹائم کمانڈ اینڈ کنٹرول کے ذریعے عوام کے تحفظ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، جبکہ مصنوعی ذہانت سے لیس کیمروں کی مدد سے چہروں کی شناخت اور ہتھیاروں کی نشاندہی بھی ممکن ہوگی۔

تقریب میں مختلف پولیس کمیونیکیشن افسران نے اپنے تجربات بیان کیے۔ روجھان اور کچے کے علاقے سے تعلق رکھنے والے پولیس کمیونیکیشن آفیسر فضل محمد نے بلوچی زبان میں وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ بھکر اور دریا خان کی پولیس کمیونیکیشن آفیسر خدیجہ غفار نے اپنے تجربات کا اظہار کیا۔

گمشدہ بچوں کو ان کے والدین سے ملانے پر مامور پولیس کمیونیکیشن آفیسر محمد علی نے اپنی خدمات سے متعلق تجربہ بیان کیا، جبکہ ملتان کے پولیس کمیونیکیشن آفیسر فرحان علی نے شناخت ایپ ’’میری پہچان‘‘ کے بارے میں آگاہ کیا۔ کوٹ رادھا کشن کے پولیس کمیونیکیشن آفیسر محمد جمیل نے بھی تقریب میں اپنے تاثرات پیش کیے۔

سیف سٹی حکام کے مطابق پنجاب سیف سٹی پبلک سیفٹی ماڈل کو اقوام متحدہ کے WSIS چیمپیئن ایوارڈ اور IACP ایکسی لینس ایوارڈ ملنا بھی منصوبے کی کارکردگی کا اعتراف ہے۔