اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وطن عزیز کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو آزاد ہوئے 79 سال گزر چکے ہیں اور صرف 21 سال بعد ملک اپنی آزادی کی سنچری منائے گا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزادی صرف ایک سرزمین حاصل کرنے کا نام نہیں تھا بلکہ یہ پاکستان کے عوام، علاقوں اور ان ریاستوں سے حقوق کی فراہمی کا وعدہ بھی تھا جنہوں نے پاکستان کے ساتھ جڑنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وعدہ آئین میں تحریر کیا گیا اور بارہا دہرایا بھی جاتا ہے، تاہم اسے ہمیشہ پوری طرح نبھایا نہیں جاتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2047 تک ہماری نسل کی ذمہ داری ہے کہ آئینی وعدے کو ہر گھر تک پہنچایا جائے، تاکہ ہر شخص اپنی محنت کی کمائی سے گھر چلا سکے، نوجوانوں کو باعزت روزگار ملے، ہر ووٹ کا احترام ہو اور پاکستان کے ہر علاقے کو ملکی ترقی میں اپنا جائز حصہ ملے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ آزادی ہر گھر تک پہنچنی چاہیے۔ انہوں نے قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ بھی لگایا۔






