آرمی چیف، صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا شہدا کے لواحقین کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین

اسلام آباد (آن لائن) یادگارِ فتح کی شاندار افتتاحی تقریب کے دوران عسکری اور سیاسی قیادت نے شہدا اور غازیوں کے اہلخانہ سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شہدا و غازیوں کے اہلخانہ سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدا کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں‘‘۔ انہوں نے شہدا اور غازیوں کے اہلخانہ کی ثابت قدمی، حوصلے اور وطن کے لیے دی گئی قربانیوں کو سراہا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکۂ حق کے شہدا کے اہلخانہ کے سروں پر دستِ شفقت رکھا اور ان کے جذبے اور صبر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شہدا اور غازیوں کے اہلخانہ کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران عسکری اور وفاقی قیادت کی جانب سے شہدا کے لواحقین سے خصوصی ملاقات اس عزم کی عکاس قرار دی گئی کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے اور وطن کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔