پاکستان کی دفاعی کامیابیوں پر قوم جشن منا رہی ہے، طارق فضل چودھری

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پوری قوم آج جشنِ آزادی کے موقع پر پاکستان کی دفاعی کامیابیوں، مکہ دفاعی معاہدے اور ملک کو حاصل ہونے والے منفرد عالمی مقام پر خوشیاں منا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی سڑکوں پر نوجوان، بچے اور والدین جشنِ آزادی کے رنگ میں نظر آ رہے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے سے موجود دفاعی معاہدے میں ترکیہ کی شمولیت خوش آئند ہے، جبکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی تعاون خطے میں امن و استحکام کا نیا پیغام ہے۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا اور اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور طاقت کے توازن کے لیے اہم سنگِ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دفاعی صلاحیت کے اعتبار سے دنیا میں منفرد مقام عطا کیا ہے اور آج پوری دنیا دفاع کے حوالے سے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج مضبوط، پیشہ ور اور جدید صلاحیتوں سے لیس ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو تاریخی شکست دی، جبکہ ملکی دفاعی صلاحیت نے پوری دنیا کو حیران کر دیا۔ پاکستان ایئر فورس نے معرکۂ حق کے دوران شاندار کارنامے انجام دیے اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں دنیا پر عیاں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کو جنگی تاریخ میں ایک سبق اور مثال کے طور پر پڑھایا جائے گا۔ پاکستان کی دفاعی صلاحیت سب سے پہلے وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہے، تاہم پاکستان نہ صرف اپنے دفاع میں خودکفیل ہے بلکہ دوست ممالک کی مدد کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ اسلامی دنیا کے کئی ممالک دفاع کے لیے پاکستان کی طرف امید سے دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدوں میں شامل ہونے والے ممالک کی سلامتی میں پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا۔ سیاسی اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں سے ملک کا دفاعی مقام بلند ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا مقام مضبوط کیا، جبکہ دفاعی کامیابیوں کا سہرا سیاسی قیادت کے ساتھ عسکری قیادت کو بھی جاتا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ اور دلیرانہ قیادت میں مسلح افواج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور خطے میں اپنی طاقت و پیشہ ورانہ صلاحیت ثابت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد دنیا پاکستان کو ایک مضبوط اور باصلاحیت دفاعی قوت کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ قومی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ ملکی دفاعی قوت امن، سلامتی اور خطے کے استحکام کے لیے استعمال ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آج کا جشنِ آزادی پاکستان کی عظمت، عزت اور دفاعی قوت پر اعتماد کا اظہار ہے۔ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ امریکی صدر نے بھی پاکستانی قیادت کی بارہا تعریف کی ہے۔ موجودہ وقت ملک میں امن اور استحکام کا متقاضی ہے، اس لیے اسلام آباد کا سکون برباد کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ اپوزیشن جماعت اسلام آباد پر جتھوں کی صورت میں چڑھائی کرتی ہے، جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

آزاد کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو کامیابی دلائی، تاہم پیپلز پارٹی کی جانب سے آزاد کشمیر کے شفاف انتخابات کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔