حکمران جماعت مسلم لیگ ن کا مری میں جاری اجلاس ختم ہوگیا، آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کا فیصلہ آج بھی نہ ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ن لیگ آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر شاہ غلام قادر کی پوزیشن مضبوط بتائی جارہی ہے، جبکہ طارق فاروق اور کرنل ریٹائرڈ وقار نور بھی دوڑ میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کے نام فائنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں سحرش قمر، مریم کشمیری، ناصرہ خان اور نصارہ عباسی کے نام زیر غور ہیں، فیصلہ نواز شریف کریں گے۔
اوورسیز کشمیریوں کے لیے مختص نشست پر بھی تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا، جس کے لیے احسان دانش، عبدالرحمن ارائیں، راجہ وسیم اور جاوید اقبال کے نام زیر غور ہیں۔
ذرائع کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے ناموں کا حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے، آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔






