ملک بھر میں مون سون کے چھٹے اسپیل کا ہنگامی الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کا الرٹ جاری کردیا۔ آج رات سے 21 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق آج رات سے 21 اگست تک لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین میں بارش کا امکان ہے۔ گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارشیں متوقع ہیں۔

ترجمان کے مطابق قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپور تھل میں بارش متوقع ہے، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان میں 20 اور 21 اگست کو بارش کا امکان ہے۔

راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی 17 سے 21 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان میں بارش کا امکان ہے۔

پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم اور ہنگو میں بھی بارش متوقع ہے۔ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق بالائی اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، شہری محتاط رہیں، ضلعی انتظامیہ حساس علاقوں میں پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔ بارش کے دوران سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔