ایل اے 17 حویلی کے انتخابی نتائج کے خلاف اپیلیں مسترد، امیدواروں کو الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے 17 حویلی کے انتخابی نتائج کو چیلنج کرنے سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محسن عزیز اور آزاد امیدوار خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ کی اپیلیں اکثریتی فیصلے سے مسترد کرتے ہوئے انہیں متعلقہ الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق دونوں امیدواروں نے حلقہ ایل اے 17 حویلی کے انتخابی نتائج کو چیلنج کیا تھا۔ اپیلوں کی سماعت چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل کی سربراہی میں ہوئی، جس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ احسن اور ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے شرکت کی۔

سماعت کے بعد چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل اور سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ احسن نے دونوں امیدواروں کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار انتخابی نتائج سے متعلق اپنے تحفظات کے ازالے کے لیے متعلقہ الیکشن ٹربیونل سے رجوع کریں۔

تاہم ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اختلافی نوٹ تحریر کیا۔ انہوں نے چوہدری محسن عزیز اور خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کو ہدایت کی کہ متنازع پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مرتب کرنے کے لیے پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے فراہم کردہ فارم 24 اور پولنگ ایجنٹس کو دیے گئے فارم 24 کا باہمی موازنہ کیا جائے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی قوانین کے تحت کمیشن کے ارکان کے درمیان اختلاف رائے کی صورت میں اکثریتی فیصلہ قابلِ عمل ہوتا ہے، لہٰذا دونوں امیدواروں کی اپیلیں مسترد کرنے کا فیصلہ مؤثر ہوگا۔