امریکا میں بند گوبھی اور ہری مرچ کے بعد اب شہریوں کو گائے کا گوشت خریدنے سے احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
فوڈ سیفٹی اینڈ انسپیکشن سروس (ایف ایس آئی ایس) نے ارجنٹائن سے درآمد شدہ تقریباً 29 ہزار 628 پاؤنڈ گائے کے گوشت کی مصنوعات پر الرٹ جاری کیا ہے۔ ادارے نے کہا ہے کہ یہ گوشت امریکی محکمہ زراعت یو ایس ڈی اے کے لازمی معائنے کے بغیر ہی مارکیٹ میں سپلائی کر دیا گیا تھا۔ اس لیے شہریوں کو اس کے استعمال سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔
وفاقی فوڈ سیفٹی حکام نے تقریباً 30 ہزار پاؤنڈ گوشت کو فوری طور پر واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ریکال فلوریڈا کے شہر ایونٹورا میں قائم کمپنی کورٹے ارجنٹینو یو ایس اے، ایل ایل سی نے شروع کی ہے۔ متاثرہ بیف کی مختلف بون لیس کٹس فلوریڈا اور ٹیکساس میں تھوک فروشوں اور ریٹیلرز کو فراہم کی گئی تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ گوشت ارجنٹینا کی ایک مقامی کمپنی نے تیار کر کے سپلائی کیا تھا۔ اسے 15 سے 20 مئی 2026 کے درمیان امریکا بھیجا گیا۔ پیکٹ پر 15 سے 20 ستمبر 2026 تک استعمال یا فریز کرنے کی تاریخ درج ہے۔
*صارفین کیا کریں؟*
حکام نے ہدایت کی ہے کہ جنہوں نے حال ہی میں یہ بیف خریدا ہے وہ فریج اور فریزر میں موجود گوشت کا معائنہ کریں۔ تیاری کی تاریخ، اسٹیبلشمنٹ نمبر اور شپنگ مارک کو الرٹ میں دی گئی تفصیلات سے ملائیں۔
اگر گوشت متاثرہ بیچ میں شامل ہو تو اسے ہرگز استعمال نہ کریں۔ اسے بند کچرے کے تھیلے میں ڈال کر تلف کر دیا جائے یا جس دکان سے خریدا ہے وہاں واپس کر کے رقم واپس لی جائے۔
حکام کے مطابق اب تک اس گوشت سے بیماری یا صحت کو نقصان پہنچنے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔ تاہم اگر کسی شخص کو متاثرہ گوشت کھانے کے بعد کوئی علامات محسوس ہوں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ امریکا میں اس سے قبل بند گوبھی کے پتوں آئس برگ لیٹس اور میکسیکو سے درآمد کی جانے والی جلاپینو مرچوں کی وجہ سے بھی صحت کے مسائل رپورٹ ہوئے تھے۔ ان سبزیوں سے پھیلنے والی بیماریاں سائیکلو اسپوریاسس اور سالمونیلا ہیں جن سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے اور متعدد کو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔






