مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے لیے آنے والے لاکھوں زائرین کی سہولت کے لیے سعودی حکام نے نئی سہولتیں اور معاون خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے امور کی جنرل اتھارٹی نے زائرین کے لیے رسائی، رہنمائی اور دیگر سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
نئے اقدامات کے تحت معمر اور خصوصی افراد کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ زائرین کی رہنمائی کے لیے جامع گائیڈنس سینٹرز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ مختلف زبانوں میں ترجمے کی سہولت دی جائے گی تاکہ دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو آسانی ہو۔
بچوں کے ساتھ آنے والے خاندانوں کے لیے چلڈرنز نرسری سمیت دیگر معاون خدمات بھی متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ ان سہولتوں کا مقصد زائرین کو زیادہ سکون اور اطمینان کے ساتھ عبادت کا موقع دینا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد مسجد نبوی ﷺ آنے والے زائرین کے تجربے کو بہتر بنانا اور انہیں عالمی معیار کی خدمات فراہم کرنا ہے۔ یہ اقدامات سعودی وژن 2030 کے اہداف سے بھی ہم آہنگ ہیں۔
اس کے علاوہ مسجد نبوی ﷺ میں جدید اسمارٹ انجینئرنگ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ اس سینٹر میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مسجد میں فراہم کی جانے والی خدمات کی ڈیجیٹل نگرانی اور انتظام کیا جا رہا ہے۔






