وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یوتھ کے لیے متعدد نئے منصوبوں کا اعلان

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوتھ کے عالمی دن کے موقع پر نوجوانوں کو درپیش مسائل حل کرنے اور انہیں تعلیم و ہنر سے آراستہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کو تعلیم اور جدید ہنر سے آراستہ کرکے دنیا میں ان کے مثبت کردار کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو ملک سے محبت کا جذبہ اپنانے اور گالی گلوچ کی سیاست سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے جسمانی و ذہنی صحت کے لیے منشیات سے بھی دور رہنے کی اپیل کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلی مرتبہ نوجوانوں کے لیے مختلف منصوبے شروع کر رہی ہے، جن میں ایگریکلچر انٹرن شپ، لیپ ٹاپ، ای ٹیکسز، آسان فنانس اور آسان کاروبار اسکیمیں شامل ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پرواز کارڈ کے ذریعے ہنرمند اور غیر ہنرمند نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ پہلی مرتبہ 10 ہزار ہنرمند نوجوانوں کو خلیجی ممالک میں روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نوکری تلاش کرنے کے بجائے روزگار پیدا کرنے والا اور اختراعی سوچ کا حامل بننا چاہیے۔ پنجاب حکومت نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیمی نصاب میں آئی ٹی، ای روزگار اور فری لانسنگ کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ خود روزگار کے لیے 3 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے کاروباری آئیڈیاز کو عملی شکل دینے اور اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کے لیے انکیوبیشن سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل اسکلز کی تربیت کے لیے بھی پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے پنجاب بھر کے فنی تربیتی اداروں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔