پشاور (آن لائن) معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹ، غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور، نوشہرہ اور سوات میں مختلف فوڈ یونٹس کا معائنہ کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کیں۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق پشاور فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر پشاور ڈویژن کی نگرانی میں چارسدہ روڈ پر مصالحہ جات تیار کرنے والے ایک یونٹ پر کارروائی کی۔ اس دوران تقریباً 1,200 کلوگرام چوکر برآمد کرکے ضبط کرلیا گیا۔
فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر متعلقہ مصالحہ جات یونٹ کو سیل کردیا گیا جبکہ مزید قانونی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق سوات میں ڈائریکٹر آپریشنز محمد یوسف خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر ملاکنڈ ڈویژن کی نگرانی میں پاپڑ اور نمکو تیار کرنے والے کارخانوں کا معائنہ کیا گیا۔ پروڈکشن، ذخیرہ اور پیکنگ یونٹس میں صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کا جائزہ لیا گیا۔
صفائی کی ناقص صورتحال اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر متعلقہ یونٹس کو جرمانے عائد کیے گئے۔
سوات میں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے دودھ کے نمونوں کی موقع پر جانچ بھی کی گئی۔ دودھ میں سکمڈ ملک پاؤڈر کی ملاوٹ ثابت ہونے پر 1,000 لیٹر غیر معیاری دودھ تلف کردیا گیا۔
نوشہرہ میں بھی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران 80 کلوگرام مضر صحت چکن پارٹس اور 1,200 لیٹر غیر معیاری مشروبات تلف کیے گئے۔
کارروائی کے دوران 115 کارٹن مشروبات قبضے میں لے کر متعلقہ افراد پر جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ خلاف ورزیوں میں ملوث عناصر کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کامیاب کارروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملاوٹ اور غیر معیاری خوراک کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔






