پاکستان کے 79ویں جشنِ آزادی کی تقریبات کے لیے خصوصی ٹیزر جاری کر دیا گیا

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان کے 79ویں جشنِ آزادی کی تقریبات کو بھرپور جوش و جذبے سے منانے کے لیے خصوصی ٹیزر جاری کردیا گیا۔

ٹیزر میں قوم کو آزادی کی خوشیوں میں بھرپور شرکت، سبز ہلالی پرچم بلند کرنے اور ملی یکجہتی کے عزم کے ساتھ جشنِ آزادی منانے کی دعوت دی گئی ہے۔

خصوصی ٹیزر کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ آئیں پھر سے مسکرائیں، شبِ آزادی کی رونق کو مزید بڑھائیں اور ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم تھام کر پرچم کشائی کی تقریبات میں شریک ہوں۔

پیغام میں عوام پر زور دیا گیا ہے کہ گلی گلی اور کوچے کوچے میں پاکستان ہمیشہ زندہ باد کی صدائیں بلند کی جائیں اور نئے عزم کے ساتھ ملک کے 79ویں جشنِ آزادی کی خوشیاں منائی جائیں۔

جشنِ آزادی کے سلسلے میں یادگارِ فتح پر 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب ایک شاندار پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے مختلف پروگرام پیش کیے جائیں گے۔

منتظمین کے مطابق خصوصی پروگرام کا مقصد قومی جذبے کو اجاگر کرنا، نئی نسل کو قیامِ پاکستان کی جدوجہد اور قومی یکجہتی سے روشناس کرانا اور آزادی کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منانا ہے۔