جرمنی میں فل فنڈڈ ڈی اے اے ڈی اسکالرشپ پروگرامز کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ یہ اسکالرشپ پی ایچ ڈی اور ریسرچ پروگرامز کے خواہش مند امیدواروں کے لیے ہیں۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق ایم ایس اور ایم فل کی ڈگری رکھنے والے پاکستانی اسکالرز اس پروگرام کے لیے اہل ہیں۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔
اسکالرشپ کے تحت تین طرح کے پروگرامز شامل ہیں۔ اس میں مکمل پی ایچ ڈی پروگرام، شارٹ ٹرم ریسرچ گرانٹس اور بائی نیشنل سپروائزڈ ڈگری پروگرامز شامل ہیں۔
ایچ ای سی نے بتایا کہ 2 سے 12 ماہ تک کے مختصر مدتی ریسرچ پروگرامز کے لیے بھی درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔ اسی طرح 7 سے 24 ماہ تک کے بائی نیشنل سپروائزڈ پروگرامز کے لیے بھی درخواستوں کا عمل جاری ہے۔
دلچسپی رکھنے والے امیدوار ڈی اے اے ڈی کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر آن لائن درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔






